شہر قائد کراچی میں جرائم کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا ہے
شہر قائد کراچی سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی کی گاڑی اسلحہ کے زور پر چھین لی گئی، واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پیش آیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق واردات نجی ہسپتال کے باہر ہوئی، گاڑی حیدر عباس رضوی کا ڈرائیور چلا رہا تھا ،ہسپتال کے باہر سے نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ڈرائیور کو نیچے اتارا اور گاڑی چھین کر فرار ہو گئے،
پولیس حکام کے مطابق حیدر عباس رضوی کا بیٹا اپنے دوست کی عیادت کرنے ہسپتال آیا تھا، وہ ہسپتال کے اندر تھا جب یہ واقعہ پیش آیا، پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا،حیدر عباس رضوی کے زیر استعمال گاڑی اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے،مقدمہ گلش اقبال تھانے میں درج کیا گیا ہے
آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں سنگین جرائم میں ملوث50058 ملزمان مفرور ہیں، صرف لاڑکانہ ڈویژن میں مفرور ملزمان کی تعداد 23257 ہے، بانی ایم کیوایم بھی کراچی، ٹنڈو محمد ،میر پور خاص اور حیدرآباد میں درج مقدمات میں مفرور قراردیئے گئے ہیں،جرائم کی شرح کم کرنے کے لئے پولیس متحرک ہے اور فعال کردار ادا کر رہی ہے،
شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز ڈکیتی ،چوری کی وارداتوں نے عوام کا جینا محال کر رکھاہے، پولیس برائے نام ہے، اگر کوئی واردات ہو جائے تو پولیس بروقت نہیں پہنچتی، ایسے لگتا ہے کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر سے اپنا حصہ وصول کر کے انہیں تحفظ فراہم کرتی ہے،