علی پور (باغی ٹی وی، نامہ نگار محبوب بلوچ)خیرپور سادات کی صحافتی برادری آج گہرے غم میں ڈوب گئی، جب معروف و سینئر صحافی حاجی عبید خان بڈانی کی اہلیہ انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر علاقے میں افسوس اور سوگ کی لہر بن کر پھیل گئی۔
مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج شام ساڑھے تین بجے بستی بڈانی محمدوالی باڑہ بنگلہ روڈ پر ادا کی گئی، جس میں ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والی سماجی، سیاسی، مذہبی اور صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
علاقے بھر سے لوگوں نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کے صبر و استقامت کے لیے دعائیں کیں۔
نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔
اس موقع پر علاقے کے صحافیوں، عمائدین، علمائے کرام اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
مقامی صحافیوں نے حاجی عبید خان بڈانی سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
شرکائے جنازہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔








