ریاض: ہر سال خطبہ حج کیلئے کسی نہ کسی خطیب کا انتخاب کیا جاتا ہے،رواں سال یہ ذمہ داری مسجد الحرام کے امام و خطیب ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی کو سونپی گئی ہے-

باغی ٹی وی : عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے رواں سال حج کے خطبے کی ذمہ داری مسجد الحرام کے امام و خطیب ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی کو سونپ دی تھی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دینی امور کے سربراہ و امام کعبہ شیخ عبد الرحمان السدیس نے شاہی منظوری کے بعد ڈاکٹر ماہر کے نام کی تصدیق کی،انہوں نے بتایا کہ شیخ ماہر المعیقلی رواں سال حج 1445 ہجری کے موقع پر یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر سے فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کیلئے آنے والوں کی سہولت کیلئے خطبہ حج اردو، انگریزی، ہندی، فرینجچ سمیت دیگر 19 زبانوں میں بھی نشر کیا جاتا ہے۔

شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی سعودی عرب کے مقدس شہر مکۃ المکرمہ کی مسجد الحرام کے امام اور مشہور قاری ہیں، اس کے علاوہ انھوں نے مسجد نبوی میں بھی امامت کے فرائض سر انجام دیے، وہ مسجد الحرام میں مستقل طور پر فجر اور مغرب کی امامت کرتے ہیں-

فضیلۃ الشیخ قاری ماہر بن حمد معیقلی دنیائے اسلام کے ان نامور قرائے کرام میں سے ہیں، جن کی تلاوت سب سے زیادہ سنی جاتی ہے، پاکستانی خاتون کے بطن سے جنم لینے والے شیخ ماہر پہلے رسولِ اقدس ﷺ کی مبارک مسجد(مسجد نبوی) کے امام تھے اور اب وہ مسجد حرام میں امامت وخطابت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

7جنوری1969کو شہر مقدس (مدینہ منور) میں پیدا ہونے والے شیخ ماہر اپنے منفرد انداز اور پرتاثیر لہجے کی وجہ سے بہت کم وقت میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں، وہ بھی دیگر ائمہ حرمین کی طرح حفص عن عاصم کی روایت میں قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں، مگر حق تعالیٰ نے انہیں لحنِ داؤدی سے نوازاہے، سریلی آواز اور منفرد لہجے کے ساتھ وہ جب حرمین میں قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں تو سامعین کے دل پگھل جاتے ہیں اوران پر وجد طاری ہوجاتا ہے، شیخ ماہر خشیت الٰہی اور تقویٰ کا بھی پیکر ہیں، اکثر وبیشتر نماز کے دوران روتے ہیں، ان کے پیچھے نماز پڑھنے والوں پر بھی رقت طاری ہوجاتی ہے، حرم شریف کے سینئرائمہ شیخ سدیس اور شیخ شریم کے بعد شیخ ماہر عالمی سطح پر اپنی دلسوز تلاوت سے مسلمانانِ عالم میں مشہور ہیں، عرب ملکوں میں حفظ قرآن کے زیادہ تر طلبہ تلاوت پاک میں ان کے لہجے کو اپناناپسند کرتے ہیں۔

Shares: