حکومت کا ایف بی آر کی جامع ڈیجیٹائزیشن کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ

0
74

اسلام آباد: حکومت نے فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کی جامع ڈیجیٹائزیشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جو ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے ضروری پالیسی اقدامات تجویز کرے گی۔دس رکنی ٹاسک فورس کے چیئرمین وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک ہوں گے۔ ٹاسک فورس کا کام ڈیٹا آٹومیشن پر عمل درآمد اور سافٹ ویئر سلوشنز کی فراہمی بھی شامل ہے۔ وزیراعظم نے ٹاسک فورس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈیٹا کو صوبوں کی ریونیو اتھارٹیز، وزارتوں اور سرکاری محکموں کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔ اس کا مقصد قومی سطح پر ایک مربوط نظام قائم کرنا ہے جو مختلف محکموں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو ممکن بنائے گا۔

ٹاسک فورس کو ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے لیے قومی شناختی کارڈ کو سنگل بنیادی شناخت بنا کر آڈٹ کرنے کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ اقدام ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے اور ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔اس کے علاوہ، ٹاسک فورس کو سپلائی چین کی آٹو میشن بھی کرنی ہے، جس سے ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیوعلی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ ٹاسک فورس کی تشکیل کا مقصد ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ٹیکس دہندگان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے نہ صرف ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس چوری کی روک تھام بھی ممکن ہوگی۔حکومتی اقدام کا مقصد ایف بی آر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور ٹیکس نظام کو موثر اور شفاف بنانا ہے، جس سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave a reply