سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو مارشل لاء سے کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ اس کے خاتمے کا باعث اندرونی لڑائیاں بنیں گی۔ وہ ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومتی نااہلیوں پر کھل کر بات کی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کے اندر مختلف دھڑوں میں اقتدار کی جنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "چچا، ماما، تایا ان میں اقتدار کی جنگ ہے، کوئی آئینی بریک ڈاؤن نہیں ہے۔” ان کے مطابق یہ سیاسی شخصیات اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہیں اور یہ اختلافات ہی حکومت کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر حکومتی شخصیات اپنی نالائقی اور نااہلی کا اعتراف کر لیں تو قوم انہیں اچھے نظر سے دیکھے گی۔ انہوں نے کہا، "یہ ٹی وی پر آکر اپنی نالائقی کا اعتراف کرلیں، اگر اپنی نااہلی، نکمے پن کا اعتراف کریں گے تو قوم اچھی نظر سے دیکھے گی۔” ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی 35 سالہ کارکردگی قوم کے سامنے ہے اور اب یہ خود بھی اپنی کمزوریوں کا اعتراف کریں۔فیصل واوڈا نے اپنی سابقہ جماعت تحریک انصاف پر بھی تنقید کی اور کہا کہ تحریک انصاف والے سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ بھی موجودہ سیاسی صورتحال میں اضافہ کر رہا ہے اور اس سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے فوج کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ فوج ایک آئینی ادارہ ہے جو سابق اور موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے اور وہ اپنے آئینی فرائض کو بخوبی انجام دے رہی ہے۔

حکومت اپنی اندرونی لڑائیوں سے ہی ختم ہو جائے گی، فیصل واوڈا
Shares:







