حکومت نمبرز پورے کرنے کے لیے ایم این ایز کو ہراساں کر رہی ہے، شیخ وقاص اکرم

sheikh waqas akram

تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس آئینی ترمیم کے لیے درکار ممبرانِ قومی اسمبلی کی تعداد موجود نہیں ہے، ورنہ حکومت اب تک یہ ترمیم منظور کر چکی ہوتی۔ انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ "ہمارے ممبران قومی اسمبلی (ایم این ایز) کی تعداد پوری ہے، لیکن حکومت کے نمبرز مکمل نہیں ہیں۔ اگر ان کے پاس مکمل تعداد ہوتی، تو وہ آئینی ترمیم کو فوراً پارلیمنٹ میں پیش کر چکے ہوتے۔مزید وضاحت کرتے ہوئے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنے نمبرز پورے کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے۔ "ایم این ایز کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے اور ہراساں کیا جا رہا ہے تاکہ وہ حکومت کا ساتھ دیں،” شیخ وقاص اکرم نے کہا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف نے اپنے سات ایم این ایز کو چھپا دیا ہے تاکہ حکومت انہیں اپنے حق میں استعمال نہ کر سکے۔
مولانا فضل الرحمان کے آئینی ترامیم کے حوالے سے کردار پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مولانا نے یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی سیاسی طاقت کو حکومت کے حق میں استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ "مولانا فضل الرحمان نے اس معاملے پر اپنی ضمانت دی ہے کہ وہ کسی آئینی ترمیم کے لیے اپنا کندھا پیش نہیں کریں گے،شیخ وقاص اکرم نے سپیکر قومی اسمبلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خط سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کو درکار نمبرز پورے نہیں ہیں۔ انہوں نے اس پر زور دیا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن کے کردار کو مضبوطی سے ادا کیا جا رہا ہے، اور اس معاملے میں حکومت کی کمزوریاں عیاں ہو رہی ہیں .چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔ ان کے اس بیان نے قانونی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔جب خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے غائب ہونے کے بارے میں پوچھا گیا، تو شیخ وقاص اکرم نے وضاحت کی کہ علی امین گنڈا پور نے خود بتایا ہے کہ وہ کہاں تھے۔ یہ معاملہ حالیہ دنوں میں خبروں کی زینت بنا رہا ہے، لیکن شیخ وقاص اکرم کی جانب سے یہ بیان ان تمام افواہوں کا جواب سمجھا جا رہا ہے۔

Comments are closed.