کراچی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو ان کی جماعت سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع کر سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ "مفادات کی سیاست کرنے والوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ معاہدے میں 17 دن باقی رہ گئے ہیں، اور اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی ایک "پیہیہ جام” ہڑتال کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہڑتال کے بعد بجلی بلوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور حکومت کو یہ دیکھنا پڑے گا کہ بجلی کٹنے والے کارکن کس طرح آتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اس موقع پر مزید کہا کہ "ہم عوام کے ساتھ مل کر مافیا کا مقابلہ کریں گے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صنعتیں نہیں چل سکتیں اور ملک ترقی نہیں کر سکتا۔” انہوں نے ملکی معیشت کی موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، اور اس وقت مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ "ان لوٹ مار کرنے والوں کو معلوم نہیں کہ روزانہ پٹرول اور بجلی کے بل کتنے آتے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا۔
Shares: