سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم
پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں بہتری کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کنسلٹنسی فرم کئیارنی (Kearney) کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ کئیارنی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم ہے جس کے آپریشنز دنیا بھر خصوصاً مشرق وسطیٰ میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیرِاعظم نےسرمایہ کاری اور حکومتی استعداد کار میں بہتری کے ایسے منصوبے جن کے حوالے سے جلد نتائج برآمد ہونے کے امکانات ہیں کے لیے فی الفور مؤثر اقدامات اٹھانے کا حکم دیا،وزیرِاعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعدادِ کار اور سرمایہ کاری کے بڑھانے پر پیشرفت کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جس کی صدارت وزیرِاعظم خود کریں گے۔
کئیارنی کی جانب سے وزیرِاعظم کو حکومت پاکستان کے ساتھ جاری اپنے مشاورتی عمل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ کئیارنی اب تک وفاقی حکومت کے 15 اداروں کے ساتھ مشاورت کر چکی ہے۔ اس مشاورتی عمل میں 97 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کئیارنی حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت میں پائیدار ترقی کے لئے منصوبہ بندی کا لائحہِ عمل تیار کرے گی۔ کئیارنی سرکاری اداروں کا ریگولیٹری فریم ورک بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی