حلقہ این اے 127 میں جلسہ،مریم نواز اور شہباز شریف کی شرکت

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ این اے 127 میں کوئی سمجھتا ہے ووٹ خرید لے گا تو یہ اس کی بھول ہے، یہ نوازشریف کے نوجوان ہیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے ٹاؤن شپ میں این اے 127 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا یہاں آنے کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ یہاں کسی کو مناظرہ کرنے کا بہت شوق ہے، مناظرہ کرنا ہے تو کر لو، مناظرہ تو تب بنتا ہے جب آپ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے جتنے ترقیاتی کام کیے ہوں، تم نے دانش سکول جیسے تعلیمی ادارے بنائے ہیں تو مقابلہ بنتا ہے، تم نے لاہور کی میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین جیسا کچھ بنایا ہے تو مناظرہ کرلو۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ یہاں سے ترقی کراچی لیکر جائیں گے، عطاء اللہ تارڑ نواز شریف کا وہ کارکن ہے جب سب لوگ گھروں میں بیٹھے ہوتے تھے تو عطاء اللہ تارڑ اکیلا لڑتا تھا، یہ بہادر، محنتی اور وفادار بھی ہے، جب عطاء اللہ تارڑ یہاں سے جیتیں گے تو آپ کی بہت خدمت کریں گے۔مریم نواز نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں ایسا لگتا تھا کہ لاہور لاوارث ہو گیا، وہ لاہور جس کو شہباز شریف نے بہت محنت سے سجایا تھا، وہ سب کچھ تباہ کردیا گیا، شہباز شریف صبح پانچ بجے اُٹھ کر ترقیاتی پراجیکٹس پر پہنچ جاتے تھے۔


نواز شریف اور شہباز شریف نے دن رات عوام کی خدمت کی ہے، جب خدمت کی ہو تو پیسے لے کر ووٹ نہیں خریدنے پڑتے، یہ لوگ لاہور میں آکر لاہور پر بہت تنقید کرتے ہیں مگر ان کا اور مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔ اسی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں کرپشن زیادہ ہوئی یہ ثابت ہوگیاہے۔حالیہ سروے ہے کہ پنجاب میں نوازشریف سب سے آگے ہیں۔بلوچستان میں بھی نوازشریف کو بڑی پذیرائی ملی ہے۔ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی بہتری کیلئے جان لڑادیں گے۔جیل میں ہوتے ہوئے بھی لوگوں نے نوازشریف کو ووٹ دیئے۔بانی پی ٹی آئی نے تو اینٹ سے اینٹ بجادی ترقی کاسفر تباہ ہوگیا۔بیانیہ اور سازش میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ۔سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف ملتے تھے اگر اللّٰه تعالیٰ نے دوبارہ نوازشریف کو موقع دیا میرا آپ سے وعدہ ہے کہ نوجوانوں کیلئے وہی پروگرام دوبارہ شروع ہوگا۔شہبازشریف کا پیپلزپارٹی قیادت پرتنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہربان دن رات مناظرے کی بات کرتا ہے جن کے سکولوں میں نہ ڈیسک نہ پنسل اور نہ ہی چھت ہے کیا میں ان سے مناظرہ کروں؟ پنجاب یا راجن پور کے ہسپتال کا کسی دوسرے صوبے کے ہسپتال سے مقابلہ کرلیں مقابلہ، مناظرہ اور موازنہ بھی ہوجائے گا۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جو سڑکیں صاف کرتی تھیں پچھلے 4 سال میں برباد کردیا گیا۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اگر آپ نے 8 فروری کو نوازشریف کو کامیاب کروایا تو لاہور کی سڑکیں صاف ہوں گی۔

Comments are closed.