تحریک انصاف کااقتدارجمہوری تھا،اپوزیشن موجیں کرتی رہی؟
نواز شریف،خاندان اور ساتھیوں کے خلاف جو کچھ کیا گیا وہ سب جمہوری تھا؟
پی ٹی آئی کو اب کچھ بھی یاد نہیں ،اگر وہ دور جمہوری تھا آج جمہوریت پر واویلا کیسا؟
سیاسی لڑائی لڑیں ،فوج اورملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف پراپیگنڈا بند کیا جائے
تجزیہ شہزاد قریشی
پریسلر ترمیم۔ کیری لوگر بل اور اب پاکستان ڈیموکریسی ایکٹ ۔ موجودہ ایکٹ امریکی کانگریس میں اس وقت پیش کیا گیا جب سابق صدر پاکستان عارف علوی خود امریکہ میں موجود ہیں اور وہ وہاں کانگریس کے اراکین اور سینٹ کے ارکان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ افسوس ا س پر ہے کہ جن کے کاندھوں پر اس ملک کی سلامتی اور قوم کی سلامتی ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دی ، شہید ہوئے ، شہید ہو رہے ہیں ، کئی غازی ہیں ۔اُن کی قیادت کرنے والوں کے خلاف یہ زہریلا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اس بل ڈیمو کریسی ایکٹ کا آگے چل کر کیا ہو گا یہ ایک سوالیہ نشان ہے؟ وطن عزیز کے خلاف اس سے بڑی اور کیا سازش ہوگی وطن عزیز اس وقت نہ صرف بیرونی دشمنوں میں گھرا ہوا ہے اس کے اندر بھی بااثر لوگوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ ملک کے مسائل بے شمار ہیں ،عالمی قوتوں کے لئے اس کی ایٹمی گستاخی سرفہرست ہے اور اس ایٹمی حامل پاکستان پر مامور پاک فوج اور جملہ اداروں کے خلاف افوا سازی پھیلانا کون سا قومی فریضہ ہے ؟ اپنی زندگی میں فوجی حکمرانی بھی دیکھی ، سول حکمرانی بھی ،جمہوریت کا مطلب جمہور کی خدمت ،جمہور تو تادم تحریر گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہے ۔کیا جمہوریت صرف اقتدار کا نام ہے؟ سیاسی گلیاروں میں جب سے تکبر اور غرور نام نہاد رہنما پیداہوئے ان سے جمہوریت کی پری بھی مکھڑا چھپا رہی ہے۔ کیا فوجی حکمرانوں کو سیاسی و مذہبی جماعتوں نے کندھا نہیں دیا ؟ کیا پی ٹی آئی کو تھیوری انداز میں اقتدار ملا تھا؟ جو ظلم اور زیادتی پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں اپوزیشن کے ساتھ کیا گیا ، کیا وہ جمہوری تھا؟ نواز شریف کے او ران کے خاندان پر اور جماعت پر کیا گیا وہ جمہوری عمل تھا؟ سابق صدر عارف علوی بتانا پسند فرمائیں گے کیامریم نواز و جیل بھیجنا جمہوری عمل تھا؟کون ساظلم ہے جو پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں اپوزیشن پر نہیں کیا ؟ یاد رکھیئے ہماری جمہوریت سے دنیا آگاہ ہے ۔ قوم کو بالخصوص نوجوان نسل کو ایک بات یاد رکھنی چاہیئے ملک و قوم کی حفاظت پر مامورپاک فوج اورجملہ ادارے نہ ہوتے تو آج ہماری حالت عراق، شام ، لیبیا اور افغانستان سے ہرگز مختلف نہ ہوتی ۔ نام نہاد سیاسی نام نہاد قائد اور نام نہاد لیڈر اس ملک وقوم پر رحم کریں۔
ہم بھول گئے ہر بات،مگر،،،،،،،،تجزیہ:شہزاد قریشی
