ہمیں تو اپنی تباہی کی داد بھی نہ ملی
تری نوازش بے جا کا گلا کیا کرتے
عرشی بھوپالی
25؍مئی 1977: یوم وفات
سید معین الدین المعروف عرشی بھوپالی جولائیء 1921ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے۔ 1936ء سے شعر کہنا شروع کیا۔ ان کا کلام ماہ نامہ ’’نگار‘‘ میں شائع ہوتا رہا ہے۔ ان کی غزلیں اور نظمیں اردو کے دوسرے مؤقر اخبارات ورسائل میں چھپتی رہی ہیں۔ کئی سال سے دماغی امراض میں مبتلا تھے، لیکن تمام وقت کتب بینی اور شعرگوئی میں صرف کرتے رہتے تھے 25؍مئی 1977ء کو ہمیشہ کے لیے اس مرض سے نجات مل گئی۔
👈 بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:123
🛑🚥💠➖➖🎊➖➖💠🚥🛑
عرشیؔ بھوپالی کے منتخب کلام
۔۔۔۔
نگاہ شوق سے کب تک مقابلہ کرتے
وہ التفات نہ کرتے تو اور کیا کرتے
یہ رسم ترک محبت بھی ہم ادا کرتے
تیرے بغیر مگر زندگی کو کیا کرتے
غرور حسن کو مانوس التجا کرتے
وہ ہم نہیں کہ جو خود داریاں فنا کرتے
کسی کی یاد نے تڑپا دیا پھر آ کے ہمیں
ہوئی تھی دیر نہ کچھ دل سے مشورا کرتے
یہ پوچھو حسن کو الزام دینے والوں سے
جو وہ ستم بھی نہ کرتا تو آپ کیا کرتے
ستم شعار ازل سے ہے حسن کی فطرت
جو میں وفا بھی نہ کرتا تو وہ جفا کرتے
ہمیں تو اپنی تباہی کی داد بھی نہ ملی
تری نوازش بیجا کا کیا گلا کرتے
نگاہ ناز کی معصومیت ارے توبہ
جو ہم فریب نہ کھاتے تو اور کیا کرتے
نگاہ لطف کی تسکیں کا شکریہ لیکن
متاع درد کو کس دل سے ہم جدا کرتے
🛑🚥💠➖➖🎊➖➖💠🚥🛑
یقین صبح چمن ہے کتنا شعور ابر بہار کیا ہے
سوال کرتے ہیں دشت و دریا کہ قافلے کا وقار کیا ہے
جو چل پڑے جادۂ وفا پر انہیں غم روزگار کیا ہے
صعوبتوں کے پہاڑ کیا ہیں تمازتوں کا غبار کیا ہے
یہیں پہ منزل کریں گے راہی یہیں پہ سب قافلے رکیں گے
ٹھہر ذرا شوق صبر دشمن یہ درد بے اختیار کیا ہے
نصیب فردا پہ شادماں ہیں جنوں کے ماروں سے کوئی پوچھے
یہ کیوں گریباں ہے ٹکڑے ٹکڑے یہ دامن تار تار کیا ہے
نہ ان کا جادہ نہ کوئی منزل نہ نور و ظلمت کا فرق جانیں
انہیں خبر کیا کہ ہے سحر کیا اندھیری شب کا خمار کیا ہے
🛑🚥💠➖➖🎊➖➖💠🚥🛑
خلوص الفاظ کام آیا نگاہ اہل فتن سے پہلے
نوید دل نے مجھے پکارا صدائے دار و رسن سے پہلے
وجود چرخ کہن سے پہلے قیام دار و رسن سے پہلے
ہمیں تھے تیرے چمن کی زینت بہار حسن چمن سے پہلے
سکوت غم کی ادا ادا کو سمجھ سکیں کاش اہل عالم
اشارہ ہائے لطیف بھی ہیں جبیں پہ نقش شکن سے پہلے
بہار بے کیف کس لیے ہے گلوں پہ رنگ شکست کیوں ہے
ابھی تو کتنی ہی بجلیاں ہیں چمن میں ترک چمن سے پہلے
ریختہ ڈاٹ کام