پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما حماد اظہر نے اپنے والد میاں اظہر کے انتقال کے بعد اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے والدہ کے ساتھ رہنے کی خواہش کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس دکھ کی گھڑی میں انصاف کی توقع بھی ظاہر کی ہے اور سوشل میڈیا پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
میاں اظہر، جو پنجاب کے سابق گورنر اور ایک سینئر سیاستدان تھے، کا انتقال حال ہی میں ہوا۔ ان کی نمازِ جنازہ لاہور میں منعقد ہوئی جس میں ان کے اکلوتے صاحبزادے حماد اظہر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک بھر سے سیاسی و عوامی شخصیات نے شرکت کی اور میاں اظہر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
رواں ماہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حماد اظہر کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی تھی کہ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تاہم اب حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے والد کے انتقال پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عدالت سے انصاف کی درخواست کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں حماد اظہر نے کہا "میں اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کے جنازے اور قرآن خوانی میں شرکت کی۔ ان لاکھوں افراد کا بھی شکریہ جنہوں نے افسوس کے پیغامات بھیجے اور میرے والد کے لیے دعا کی۔”انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جنہوں نے میاں اظہر کی یاد میں نیک الفاظ کہے اور ان کے لیے دعا کی، ہم ان کے بھی مشکور ہیں۔حماد اظہر نے اپنے والد کی میراث کو شرافت، ایمانداری اور وفاداری قرار دیا جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کے سیاسی کلچر کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔
حماد اظہر نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے، تین بہنوں کے بھائی اور دو کم عمر بچوں کے والد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والوں نے گزشتہ دو سال سے زیادہ عرصے تک دکھ برداشت کیا ہے اور اب وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہ کر ان کا سہارا بننا چاہتے ہیں۔ وہ بے گناہ ہیں اور جعلی مقدمات کا شکار ہیں جن کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں۔ انہوں نے عدالت سے انصاف کی اپیل کی اور کہا کہ اگر انصاف ملا تو اللہ کا شکر ادا کریں گے، اور اگر نہیں ملا تو صبر و استقامت سے کام لیتے رہیں گے کیونکہ اللہ صابرین کے ساتھ ہے۔