وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی میں نام لیے بغیر وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کی ہے
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں شوق ہوتا ہےکبھی بیوروکریسی کو گالی دیتے ہیں کبھی سیاستدان کو، کبھی اپنے نظام کو ہائبرڈ کہہ دیتے ہیں، اگریہی کہنا ہے تو حکومت سے اٹھ کر اپوزیشن میں چلے جائیں، یہ کیسےممکن ہے کہ پنڈی میں تجاوزات ہیں اور میں کہوں اس میں قصور وار نہیں،آپ کہہ رہے ہیں نظام گندا ہے، آپ 40 سال اس نظام کا حصہ رہے ہیں، پاکستان کی معیشت ہو یا دفاع ہو ، یہ مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم اس ایوان کا تقدس خود پامال کرتے ہیں، اپنے وائرل ہونےکے لیے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو ڈس کریڈٹ کرتے ہیں، اپنے آدھا کلوگوشت کی خاطر پوری بھینس ذبح کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب کی صورت میں تاریخ کی بڑی آفت کا سامنا کر رہے ہیں، یہ قدرتی آفت نہیں انسان کے اپنے ہاتھ سے بنائی آفت ہے، ہم نے آبی گزرگاہوں میں گھر اور ہوٹل بنالیے، سیالکوٹ میں سیلاب گاؤں اور گھر بہا کر لےگیا، نالے کی زمین لوگوں کو بیچی گئی وہاں گھر بنائےگئے، سڑکوں کا میک اپ کرکے تصویریں سوشل میڈیا پر ڈالی گئیں، عوام نے ان کی سڑکوں میں کی گئی جعل سازی بے نقاب کی، یہ دو نمبری کرنے والے بہت امیر ہیں، ایوان بالا میں پہنچے ہوئے ہیں، وہ کس طرح ایوان میں پہنچے سب کو پتہ ہے