اوچ شریف ( نامہ نگارحبیب خان)صدر ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ اوچ شریف محمد مدثر نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری کو سخت الفاظ میں پیغام دیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ نہتے فلسطینی عوام کو انصاف اور امن مل سکے۔
محمد مدثر نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم انسانیت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہے۔ معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا بے رحمانہ قتل ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ دنیا کا ہر باشعور انسان اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائے، یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
محمد مدثر نے کہا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ ہر سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے ہر ممکن مدد، آواز بلند کرنے اور آگاہی پھیلانے کے لیے تمام فورمز استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے بلکہ دنیا بھر کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے تاکہ عالمی طاقتیں اس انسانیت سوز عمل کے خلاف کھل کر میدان میں آئیں۔
محمد مدثر کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کے تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری قتل و غارت بند کرانے کے لیے فوری کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی خاموشی مظلوموں پر ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام کو انصاف مل سکےانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ غزہ کے متاثرین کے لیے ممکنہ امداد فراہم کرنے کو تیار ہے اور بہت جلد اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ہم نہ صرف مالی امداد بلکہ دعاؤں اور آواز کے ذریعے بھی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔








