لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جسٹس فائزعیسٰی پر حملہ آج سے شروع نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی کوشش ہوتی ہے کہ ہرعہدے کو متنازع بنایا جائے۔

باغی ٹی وی : نجی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کررہی ہے جس کا مقصد پاکستان ناکام بنانا ہے جبکہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم اتنا اُلجھے رہیں کہ ہمارے نقصان کا اُنہیں سیاسی فائدہ ہو،جسٹس فائزعیسٰی پر حملہ آج سے شروع نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی کوشش ہوتی ہے کہ ہرعہدے کو متنازع بنایا جائے،اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتیاں اُن ججز کے ہاتھ میں ہیں جو سیاست کی وجہ سے ایک دوسرے سے بات کرنے کے بھی روادار نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کے معاملے پر کہا کہ آئینی ترامیم پیش کرنے سے پہلے ہماری انڈراسٹینڈنگ تھی کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی حمایت حاصل ہے لیکن جب کمیٹی میں مسودہ پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مولانا فضل الرحمان اور حکومتی مسودے میں بہت فاصلہ ہے-

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آج نہیں تو کب یہ کام کریں گے؟ جلد بازی کا تاثر دینے والے یہ سمجھتے ہیں کہ وہ آئین سازی کو سبوتاژ کر سکتے ہیں،جیسے ہی دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی، ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے، چاہے وہ کل ہوں یا پرسوں، فوری آئین سازی بہتر ہوگی-

Shares: