سعودی عرب کی حکومت نے عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے پالیسی میں ایک اور اہم اور سہل قدم اٹھاتے ہوئے اسے مزید آسان بنا دیا ہے۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب دنیا بھر سے آنے والے زائرین کسی بھی قسم کے ویزے پر عمرہ ادا کرسکیں گے۔ اس میں وزٹ ویزہ، فیملی ویزہ، سیاحتی ویزہ اور ٹرانزٹ ویزہ رکھنے والے تمام افراد شامل ہیں۔وزارت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے، جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا اور عمرہ کے تجربے کو آسان و خوشگوار بنانا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ "نسک” (Nusuk) نامی عمرہ پورٹل کو جدید خطوط پر اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے تاکہ زائرین باآسانی عمرہ کی بکنگ، رہائش اور دیگر انتظامات آن لائن انجام دے سکیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ نسک ایپ کے ذریعے زائرین اپنے سفر، اجازت ناموں اور دیگر سہولیات کی تفصیلات چند منٹوں میں حاصل کرسکیں گے۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق یہ سہولت نہ صرف عرب ممالک بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے کھولی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو حرمین شریفین کی زیارت اور عمرہ کی سعادت حاصل ہوسکے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس پالیسی کے تحت ہر وہ شخص جو سعودی عرب میں کسی بھی قانونی ویزے پر داخل ہوگا، وہ مکہ مکرمہ جا کر عمرہ ادا کرنے کا حق رکھے گا، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط اور ہدایات پر عمل کرے۔یہ اعلان سعودی عرب کے زیارت و عمرہ کے انتظامی نظام میں ایک انقلابی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں مسلمانوں کو سہولت اور روحانی سکون میسر آئے گا۔

Shares: