مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز ہوگیا ہے –
باغی ٹی وی : حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) سمیت تمام مساجد میں مغرب کے بعد اعتکاف کا آغاز ہوگیا ہے حرمین انتظامیہ نے اعتکاف کے لیے پورٹل کے ذریعے ہزاروں پرمٹ جاری کیے ہیں، معتکفین کے لیے خصوصی دروازے مقرر کیے گئے ہیں اور تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
معتکفین کو آب زم زم کی فراہمی کے ساتھ تلاوت کے لیے قرآن کریم کے نسخےبڑی تعداد میں رکھےگئے ہیں، آج سےلاکھوں عمرہ زائرین مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں قیام اللیل میں شریک ہوں گے۔
قبل ازیں ادارہ امور رہنمائی اور فیلڈ گائیڈنس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمحسن الغامدی نے بتایا تھا کہ ’اعتکاف کے لیے مخصوص جگہ کو معتکفین کے استقبال کے تیار کرلیا گیا ہے جہاں 2500 مرد اور 500 خواتین کی گنجائش ہے، معتکفین کو روزانہ تین کھانے فراہم کیے جائیں گے جنہیں صحت کے معیار اور ضوابط کے مطابق تیار جائے گا، معتکفین کو ایک کمبل، تکیہ، ذاتی استعمال کی اشیا اور سلیپنگ ماسک فراہم کیا جائے گا۔ اعتکاف کے دوران مرد اور خواتین کے لیے طبی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔








