پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ نے راستہ نکالا اور 20 آؤٹ کئے، ہم 20 کیا اچھے انداز سے 10 وکٹیں بھی نہیں لے رہے جو بہت ہی مایوس کن بات ہے۔
انگلینڈ سے بدترین شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ 20 آؤٹ کئے بغیر ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکتے، اس پر کام کرنا پڑے گا، میچ کا وننگ ریزلٹ کیسے نکالنا ہے اس کو دیکھنا ہوگا،انگلینڈ، پاکستان کے لئے ایک ہی پچ تھی، ہمیں انگلینڈ نے راستہ نکالنا سکھایا ہے، انگلینڈ نے اچھے عزم کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی،پہلی اننگز میں ٹیم نے اچھا اسکوربنایا تھا، ہمیں دوسری اننگز اچھی کھیلنی چاہیے تھی، ہم میچ سیٹ کر کے ہار رہے ہیں ہمیں طریقہ نکالنا ہے کہ پہلی اننگز اچھی کھیلنے کے بعد میچ پراپنی گرفت برقرار کیسے رکھی جائے،پانچ دن کا ٹیسٹ میچ ہے اس میں کنڈیشن بدلتی رہیں گی،میچ ہارنا اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ہارنا، کھلاڑی اور کپتان دونوں کے لئے مایوسی ہوتی ہے، چھ میچز میں ہم نے غلطیاں کیں، میچ سیٹ اپ کیا اور پھر جانے دیا، ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، ہم پچز کے لیے اپنی ضرورت اور اسکواڈ بتاتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے بیٹھیں گے اور اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں ہی کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ شان مسعود ایک اور ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کےقریب پہنچ گئے ،بطور کپتان لگاتار6ٹیسٹ میچز ہارنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن جائیں گے،اس سے قبل یہ شرمناک ریکارڈ زمبابوے کے سابق کپتان ٹیٹینڈا ٹیبو کے پاس تھا ٹیبو نے اپنی کپتانی کے آغازمیں لگاتار 5ٹیسٹ میچ ہارے تھے
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی
پی سی بی نے ایک بار پھر نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا ہے