بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار کے خلاف اعلیٰ سطح تحقیقات شروع
بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار کے خلاف انتہائی حساس معلومات کے لیک ہونے کے الزام میں اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف (اسٹریٹجی) کے طور پر اپنی خدمات کے دوران بھارتی فوج کے اہم رازوں اور حساس ڈیٹا کا افشا کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارتی فوج کے سربراہ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے 6 ہفتوں کی مدت مقرر کی ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ آیا ایسی معلومات کا لیک ہونا حقیقت ہے یا نہیں۔ ان تحقیقات کا مقصد فوج کے اندر سیکیورٹی اور معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر ایسی معلومات جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سُچندرا کمار نے فروری 2024 میں لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کی آرمی ہیڈ کوارٹرز میں نائب آرمی چیف کے طور پر تعیناتی کے بعد شمالی کمانڈ کی کمان سنبھالی تھی۔ اس سے قبل، وہ بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر اور ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف (اسٹریٹجی) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل سُچندرا کمار نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کھڑکواڑلا کے فارغ التحصیل ہیں اور انہیں آتی وشیشت سیوا میڈل، یودھ سیوا میڈل اور وشیشت سیوا میڈل جیسے اعلیٰ فوجی اعزازات مل چکے ہیں۔
بھارتی فوج کی اس تحقیقاتی کارروائی کا مقصد سیکیورٹی کے سخت ترین نظام کو برقرار رکھنا ہے تاکہ یہ بات یقینی بنائی جا سکے کہ حساس معلومات کا کسی بھی طرح سے افشا نہ ہو، جو نہ صرف فوج کے اندر بلکہ ملک کی قومی سلامتی کے لیے بھی خطرے کا سبب بن سکتی ہو۔