بیروت: لبنانی فوج نے دارالحکومت بیروت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور جھڑپوں کے پیش نظر اہم مقامات پر فوجی تعیناتی شروع کردی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق فوج کی بکتر بند گاڑیاں بیروت کے برج الغزال پل کے قریب تعینات کردی گئی ہیں۔ یہ اقدام علاقے میں بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ جھڑپوں کے خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔یہ پیشرفت اسرائیلی حملے میں حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کے بعد سامنے آئی ہے۔ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، جس میں 700 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ بیروت کے جنوبی علاقے میں کیے جانے والے ایک حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
برج الغزال پل، جو مسلم اکثریتی علاقے خندق الغمیق اور عیسائی اکثریتی علاقے اشرفیہ کو تقسیم کرتا ہے، ماضی میں بھی جھڑپوں کا گڑھ رہا ہے۔ دونوں علاقوں کے رہائشیوں کے درمیان سیاسی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر کئی مرتبہ کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے، اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان علاقوں میں مزید تناؤ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔حزب اللّٰہ نے نصر اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق، اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بیروت میں فوجی تعیناتی، حزب اللّٰہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کے بعد کشیدگی بڑھنے کا خدشہ
