وزیراعظم کے بھانجے کا وکالت کا لائسنس معطل:بار نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا

لاہور: وزیراعظم کے بھانجے کا وکالت کا لائسنس معطل:بار نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا،اطلاعات کے مطابق پنجاب بار کونسل نے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایڈووکیٹ کی وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔

پنجاب بار کونسل نے حسان نیازی کے خلاف یہ کارروائی محمد ایاز بٹ ایڈووکیٹ کی درخواست پر کی جنہوں نے کمرہ عدالت کے اندر مار پیٹ کے الزام میں وزیراعظم کے بھانجے پر لاہور کے ایک تھانے میں مقدمہ درج کرایا ہے۔

 

ایف آئی آر کے مطابق حسان نیازی نے وکیل محمد ایاز بٹ اور ان کی خاتون کلائنٹ شہزادی نرگس پر لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں تشدد کیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دستیاب ہے۔

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین امجد اقبال نے ایاز بٹ ایڈووکیٹ کی درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے حسان نیازی کی وکالت کا لائسنس معطل کرنے کی ہدایت جاری کی اور معاملہ مزید کارروائی کے لیے کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کو بھیج دیا۔

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین نے حسان نیازی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں اور اگر وہ وضاحت دینا چاہیں تو 17 جولائی کو کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سامنے پیش ہوں۔

Comments are closed.