ہاکس بے پر بنے ہٹس مسمار کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت کی جانب سے ہاکس بے ساحل پر 3 اسٹار ہوٹلوں اور ہٹس بنانے کیلئے نجی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ساحل پر موجود 254 ہٹس کی لیز منسوخ کردی گئی ہیں اور انہیں خالی کروا کر مسمار کردیا جائے گا۔
ساحل سمندر پر کے ایم سی کی اس پٹی کی لمبائی 5 کلومیٹر ہے اور اس کا کل رقبہ تقریبا 387 ایکڑ بنتا ہے، جب کہ اس سے متصل ساحلی حصے کے پی ٹی اور بورڈ آف ریونیو کی ملکیت ہیں۔ ساحلی زمین پر اے، اے ون اور ایس سیریز میں منقسم ہے اور ان میں سے اے سیریز میں وہ پلاٹس شامل ہیں جو عین سامنے کی طرف ہیں، جب کہ دیگر دو سیریز اس کے عقب میں ہیں۔
حکومت سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود شیخ نے تصدیق کی ہے کہ اس ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد ان کا یونٹ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ حکومت ساحل سمندر کی ترقی کے لئے فیزیبلٹی پلان تیار کرنے کے لئے ایک کسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک طویل عمل ہے اور اس کی تیاری میں کم از کم 6 ماہ لگ جائیں گے۔