ننکانہ صاحب سے احسان اللہ ایاز کی رپورٹ کے مطابقننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک کے 556ویں جنم دن کی تین روزہ رنگارنگ تقریبات کا آغاز مذہبی رسم اکھنڈ پاتھ سے ہوگا۔ دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے آئے یاتری گوردوارہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے گوردوارہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت سے دو ہزار سے زائد سکھ یاتری کل واہگہ بارڈر کے راستے ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جن کے استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پانچ ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز، بینک اور منی ایکسچینج پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔

بابا گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب پانچ نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں منعقد ہوگی جس میں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے تیس ہزار کے قریب سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ تقریبات چھ نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔

Shares: