اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے حکم پر ہر صورت میں عمل کروانا ہے جن کی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو فوری گرفتار کریں گے-

باغی ٹی وی : آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کیا اور ان کا حوصلہ بلند کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ ہائیکورٹ کے حکم پر ہر صورت میں عمل کروانا ہے، شرپسندوں سے اسلام آباد کو فوری خالی کروانا ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ کسی شرپسند کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے، قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ جن کی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو فوری گرفتار کریں گے، شرپسندوں نے پولیس پر فائرنگ کی، ہمارے کئی جوان زخمی ہیں، احتجاج کی آڑ میں غیر ملکی شرپسند عناصر جھتے میں موجود ہیں، غیر ملکی شرپسندوں کی نشاندہی کرکے ان کا قلع قمع کرنا ہے،آئی جی اسلام آباد نے ڈی چوک پر پولیس کے تازہ دم دستے بھجوا دیئے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرین نے آج اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو شدید مزاحمت کا سامنا کرتے ہوئے انہیں کسی بھی جگہ جانے سے روک دیا،مظاہرین نے 7ویں ایوینیو پر کلثوم انٹرنیشنل اسپتال کے سامنے جمع ہو کر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو لینے آنے والی گاڑی کو روک دیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کسی ضروری کام کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم مظاہرین نے انہیں جانے کی اجازت نہیں دی اور ان کے خلاف سخت نعرے بازی کی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ "اس بار علی امین گنڈاپور کو نہیں بھاگنے دیں گے، احتجاجی کارکنان نے ڈی چوک کے نعرے بھی لگائے اور گنڈاپور کے خلاف تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ عوام گولیاں کھا رہی ہیں، اور وزیراعلیٰ خود گاڑیوں میں آرام سے بیٹھے ہیں۔

Shares: