آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز نے عہدے سے مستعفی ہونےکا اعلان کردیا۔
باغی ٹی وی : ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق فل سمنز اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے فل سمنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے پر دکھ ہے، فینز سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے اندر کچھ غیر معمولی افراد باقی ہیں جن کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے بہترین مفاد میں کام کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ویسٹ انڈیز بیٹر برینڈن کنگ 48 گیندوں پر 62 رنزکے ساتھ نمایاں رہے تھے-
ویسٹ انڈین کپتان نکولس پورن نے کہا تھا کہ ہم نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا ۔ یہ یقینی طور پر تکلیف دہ ہے۔ میں نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی اس سے میں نے اپنے ساتھیوں کو مایوس کیا ۔