اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں موسمِ سرما کی ٹھنڈی ہواؤں اور بادلوں سے بھرے آسمان نے شہر کا موسم دلکش ضرور بنا دیا، تاہم ہیڈ پنجند مچھلی پوائنٹ پر موجود بدانتظامی نے شہریوں کی سیر و تفریح کے تمام رنگ پھیکے کر دیے۔
ہفتہ وار تعطیلات اور خوبصورت موسم کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد اہلِ خانہ کے ہمراہ ہیڈ پنجند پہنچی، جہاں انہوں نے روایتی گرم تلی ہوئی مچھلی سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کی، مگر مچھلی پوائنٹ کی ابتر صورتحال نے ان کی خوشی کو شدید مایوسی میں بدل دیا۔
شہریوں کے مطابق مچھلی پوائنٹ پر صفائی ستھرائی کا کوئی معقول انتظام موجود نہیں تھا۔ کئی جگہوں پر کوڑے کے ڈھیر پڑے، مچھلی صاف کرنے کے مقامات پر بدبو اور آلائشیں جمع تھیں، جبکہ نہروں کے کنارے گندگی پھیلی ہوئی تھی۔ کھانے کے لیے لگائے گئے اسٹالز کے اردگرد مکھیوں کی بھرمار اور گندا ماحول فوڈ اتھارٹی کے دعوؤں کے برعکس کھلی غفلت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
ٹوٹی ہوئی میزیں، غیر معیاری برتن، کھلے آسمان تلے تیار کی جانے والی مچھلی، اور صفائی کے فقدان نے شہریوں کو سخت برہم کر دیا۔ شہریوں نے فوڈ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے صرف نمائشی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ عملی طور پر عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ موسمِ سرما میں ہیڈ پنجند شہریوں اور سیاحوں کا پسندیدہ تفریحی مقام بن جاتا ہے، اس کے باوجود یہاں صفائی کا موثر نظام نہ ہونا انتظامیہ کی نااہلی کا کھلا اعتراف ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مچھلی پوائنٹ کے تمام اسٹالز کی سخت چیکنگ کی جائے، صفائی کے ناقص انتظامات کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور فوڈ اتھارٹی کو پابند بنایا جائے کہ وہ مستقل بنیادوں پر نگرانی کا نظام قائم کرے۔
شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو گندگی، آلودہ کھانے اور غیر صحت بخش ماحول کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔








