اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)موسم سرما سرد ہوتے ہی ہیڈ پنجند اوچ شریف میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ مختلف مقامات پرانواع و اقسام کی تلی ہوئی مچھلیوں کی دکانیں سج گئیں ،دکانداروں نے من مانے ریٹ مقرر کر دیئے متوسط طبقے کو مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا، مچھلی کی قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، شہریوں کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف ہیڈ پنجند اور اسکے گرد نواح کے مختلف علاقوں میں بھی سردی کی لہر بڑھنے کے ساتھ ہی مچھلی کا استعمال بڑھنا شروع ہو گیا ہے ،جبکہ صبح کے اوقات میں اوچ شریف شہر کی گلی محلوں میں تازہ مچھلی فروخت کرنے والوں کی صدائیں سنائی دیتی ہیں اسی طرح شہر کے مختلف مقامات بازاروں سمیت چوکوں پرو دیگر علاقوں میں بھی تلی ہوئی مچھلیوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے
اوچ شریف کے ہوٹلوں اور فوڈپوائنٹ پر بھی تلی ہوئی مچھلی کی نت نئی اقسام فروخت ہوتی ہیں ، مچھلی کی مانگ میں اضافے کیساتھ ہی مچھلی کے نرخ میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔مچھلی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے کم آمدن والے افراد کو مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،
شہریوں نے بتایا کہ بعض دوکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کررکھے ہیں جس کے باعث متوسط طبقے کو مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مچھلی کی قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری موسم سرما میں مچھلی کا بھرپور مزہ اٹھا سکیں۔