ایک نئی تحقیق کے مطابق، صارفین کی مصنوعات جیسے کھانے کے اسٹوریج کنٹینرز، شیمپو، میک اپ، پرفیوم اور بچوں کے کھلونوں میں پائے جانے والے سنٹیٹک کیمیکلز "فیتھلیٹس” نے 2018 میں دل کی بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی عالمی اموات میں 10 فیصد سے زیادہ کا حصہ ڈالا۔ یہ تحقیق 55 سے 64 سال کی عمر کے مردوں اور خواتین پر کی گئی تھی۔
نیویارک یونیورسٹی کے گروس مین اسکول آف میڈیسن کے سینئر پروفیسر، ڈاکٹر لیونارڈو ٹراسانڈے نے کہا کہ "فیتھلیٹس دل کی شریانوں میں سوزش کا سبب بنتے ہیں، جو پہلے سے موجود بیماری کو بڑھا سکتے ہیں اور دل کے شدید حالات یا موت کا باعث بن سکتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ فیتھلیٹس ٹیسٹوسٹیرون کے عمل کو متاثر کرتے ہیں، اور مردوں میں "کم ٹیسٹوسٹیرون دل کی بیماری کے خطرے کی ایک نشانی ہے”۔پہلے کی تحقیقات میں فیتھلیٹس کو تولیدی مسائل جیسے جنسی اعضاء کی خرابیاں، بڑوں میں کم سپرم کی مقدار اور ٹیسٹوسٹیرون کی کمی سے جوڑا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ دمہ، بچوں کے موٹاپا اور کینسر سے بھی منسلک ہیں۔
اس تحقیق میں، محققین نے "ڈی ایچ پی” (Di(2-ethylhexyl)phthalate) نامی فیتھلیٹ کے اثرات کا جائزہ لیا اور اس کے عالمی سطح پر دل کی بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی اموات پر اثرات کا تجزیہ کیا۔ اس تحقیق میں 200 ممالک اور علاقوں کے صحت اور ماحولیاتی ڈیٹا کو شامل کیا گیا۔ محققین نے ڈی ایچ پی کی کیمیائی مصنوعات کے ٹوٹنے کے اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کے سبب ہونے والی 368,764 اموات کا حساب لگایا۔اس تحقیق کے مطابق، افریقہ میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کا 30 فیصد حصہ ڈی ایچ پی سے منسلک تھا، جبکہ مشرقی ایشیا اور مشرق وسطی میں اس کا 25 فیصد حصہ تھا۔تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیتھلیٹس کے اثرات سے ہونے والی اموات کا عالمی سطح پر اقتصادی نقصان ممکنہ طور پر اربوں ڈالر میں ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر امریکہ میں ہونے والی اموات سے ہر سال 40 سے 47 ارب ڈالر تک کا اقتصادی نقصان ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فیتھلیٹس اور دوسرے اینڈوکرائن ڈسٹرپٹرز سے بچاؤ کے لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں،پلاسٹک کا استعمال جتنا ہو سکے کم کریں۔الٹرا پروسیسڈ غذاؤں سے بچیں۔پلاسٹک کنٹینرز کو مائیکروویو یا ڈش واشر میں نہ ڈالیں۔خوشبو دار لوشن اور کپڑے دھونے کے مائع کا استعمال کم کریں۔کھانے کے لئے شیشے، اسٹینلیس اسٹیل یا مٹی کے برتن استعمال کریں۔تازہ یا جمنے والی سبزیاں خریدیں۔
اس تحقیق نے یہ واضح کر دیا کہ فیتھلیٹس نہ صرف انسانی صحت کے لئے ایک سنگین خطرہ ہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر دل کی بیماریوں کی اموات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین نے عالمی سطح پر ان کی نگرانی اور کم سے کم کرنے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔