آسمانی بجلی گرنے سے 34 افراد ہلاک
نئی دلی: آسمانی بجلی گرنے سے 34 افراد ہلاک ،اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچادی ہے، بہار کے 16 اضلاع میں طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے۔ طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر فصلوں اور درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ اڑتالس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ریاست بھار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے فی کس چار لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فصلوں اور مکانات کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے حکام کو ہدایت کردی ہے جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کو بھی امداد فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں۔
دوسری جانب ریاست آسام کئی روز سے سیلاب کی زد میں ہے، آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 7.12 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ بارشوں اور سیلاب نےمواصلات کا نظام بھی درہم برہم کر دیا ہے۔