اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ہیلمٹ کی اوور چارجنگ کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا، زائد قیمت پر فروخت کیے جانے والے ہیلمٹ تحویل میں لے لیے اور دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی۔

بعد ازاں ضبط شدہ ہیلمٹس شہریوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ مارکیٹ ریٹ پر تقسیم کیے گئے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور منافع خوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ضروری اشیاء پر ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں پر ہیلمٹس کی فراہمی نہ صرف ریلیف ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور عوامی تحفظ کو بھی فروغ دے گی۔

Shares: