ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے مخیر حضرات صنعتکار زمیندار اور کاروباری افراد سمیت ضلع بھر کی عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ ترک اور شامی عوام کی مدد کیلئے قائم وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹہ ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے قائم وزیر اعظم ریلیف فنڈ و ديگر امدادی سرگرمیوں کے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری اور ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ محکمہء تعلیم، صحت، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ، ایگریکلچر، انفارمیشن، اسٹیوٹا، پی پی ایچ آئی، مرف و دیگر مختلف محکموں کے افسران سمیت تاجر رہنماء اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں میں اسمبلی کے دوارن ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے دعائیں اور بچوں میں فنڈ ریزنگ کیلئے آگاہی فراہم کی جائے انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا اور دیگر متعلقہ تمام فورمز کے ذریعے بھی آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس ضمن میں یو سی سطح تک اپنے اپنے دفاتر میں نمایاں جگہوں پر بینرز اور پمفلیٹ آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر عطیہ دینے کیلئے آگاہی کیمپس بھی قائم کئے جائیں تاکہ زیادہ فنڈز جمع ہو سکیں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سیمینارز بھی منعقد کئے جائیں تاکہ عوام میں ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے عطیہ دینے کے متعلق آگاہی اور شعور بیدار کیا جا سکے اور ہم اپنے مسلمان بھائیوں سے قومی فریضہ اور ہمدردی کے ناطے ان کی زیادہ سے زیادہ مدد کو یقینی بنا سکیں انہوں نے مخیر حضرات صنعتکاروں زمینداروں اور کاروباری افراد سمیت ضلع بھر کے عوام سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیاء پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں انہوں نے این جی اوز کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ضلع بھر کے تمام دیہات میں کمیونٹی سطح پر عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائیں تاکہ وزیر اعظم کے فنڈ ریزنگ اکاؤنٹ میں ڈائریکٹ عطیہ جمع کروا سکیں انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہماری قوم ترکیہ جیسے اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اس موقعہ پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران این جی اوز کے نمائندوں اور تاجر برادری سمیت تمام شرکاء نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی قبل ازیں اجلاس میں ترک اور شام میں زلزلہ سے شہید ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی کہ اللّٰہ تعالٰیٰ ان کی مغفرت اور انہیں جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین و عزیز و اقارب کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطاء فرمائے اور زخمی ہونے والوں کو جلد شفاء کاملہ عطاء فرمائے۔

Shares: