چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی موجودہ سیلابی صورتحال میں تمام پاکستانیوں کو یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے،مشکل وقت میں ہمیں تنقید کی بجائے عوامی مفاد اور ریلیف کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں جھوک وینس، بستی ریاض آباد اور لک والا نواب پور کے علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ملک بھر سمیت پنجاب میں بہت لوگ متاثر ہوئے ہیں،اپنے گھروں کو چھوڑنا آسان نہیں ہوتا لیکن زندگی بچانے کےلئے یہ ضروری ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کو فوری چھوڑا جائے،تا کہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی یکجہتی کےلئے ضروری یے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کا اجتماعی طور پر ساتھ دیا جائے،پوری قوم خاص طور پر کہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ دکھ کی اس گھڑی میں گھر بار چھوڑنے والوں کی ہر طرح سے مدد کریں۔
چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ملتان اور گرد و نواح میں سیلاب زدہ علاقوں میں مقامی افراد،سول سوسائٹی ،انتظامیہ اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،میں خود مسلسل فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کررہا ہوں،سیلاب زدہ علاقوں میں جلد کی بیماری اور سانپ کاٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں،ریلیف کیمپوں میں تمام ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ ڈاکٹرز بھی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جانوروں کے کھانے کے لیے چارہ بھی مہیا کیا جا رہا ہے ،تمام پاکستانیوں کو یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی زیادہ سے زیادہ امداد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ملتان آئیں اور انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،میرے بیٹوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ریلیف کاموں اور سیلاب متاثرین کے مسائل بارے بتایا،مریم نواز شریف نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آج کا دن بہت خطرناک ہے ،ٹیمیں پانی مانیٹر کررہی ہیں ،تمام ادارے الرٹ ہیں ،جو لوگ ابھی تک دریائی علاقوں میں ہیں ان سے درخواست ہے کہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ مزید ایک ہزار کیمپ میں نے منگوائے ہیں ہم ٹیم ورک کے طور پر کام کر رہے ہیں،جن بندوں کو بریچ کرنا ہے میں نے ان کا دورہ کیا ہے،متعلقہ محکمہ کا ایس او پی بنا ہوا ہے ،جب صورت حال پیدا ہو تی ہے تو وہ اس کے مطابق بریچ کرتا ہے -انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد حکومت نقصانات کا تخمینہ لگائے گی اور پھر مدد کی جائے گی۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی علی قاسم سمیت مقامی زمیندار و سیاسی رہنما بھی سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ تھے۔
روسی ادارے کا چین کو نیوکلیئر توانائی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان
سندھ حکومت نے 5 اور 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا
سریاب خودکش حملہ: نیشنل پارٹی کا 3 روزہ سوگ، حب کا جلسہ ملتوی








