میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ )بجلی بلوں کی ادائیگی میں دشواری، حیسکو کے اقدامات پر عوامی ردعمل

میرپورخاص میں بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور معاشی صورتحال کے باعث عوام کے لیے بلوں کی ادائیگی مزید دشوار ہوچکی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم اور جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، محمود عباسی سمیت دیگر اراکین نے اپنے بیان میں حیسکو کے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیسکو ریکوری کے نام پر مہاجر علاقوں میں بلاجواز کارروائیاں کی جارہی ہیں، جس کے دوران مہاجر نوجوانوں کو چہرے پر سیاہ کپڑا ڈال کر گاڑیوں میں لے جایا گیا۔ اس غیر انسانی سلوک سے عوام میں بے چینی اور غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مخصوص طبقہ آبادی کے خلاف یہ متعصبانہ کارروائیاں شدید عوامی ردعمل کا باعث بن سکتی ہیں۔ حیسکو افسران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے درپردہ مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ مسلح گارڈز کے ساتھ شہری علاقوں میں گشت اور عوام سے ناروا سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بجلی بلوں کی وصولی میں نرمی برتی جائے تاکہ عوام باقاعدگی سے بل ادا کرسکیں۔ اگر بلاجواز کارروائیاں نہ روکی گئیں تو قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں آواز بلند کی جائے گی۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیئرمین نیپرا، اور گورنر سندھ سے اس صورتحال پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

Shares: