کراچی کے جناح اسپتال سے جیل پولیس کی حراست سے قیدی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم آغا سلمان گزشتہ روز دوپہر ڈیڑھ بجے جناح اسپتال سے فرار ہوا اور جیل پولیس نے کئی گھنٹوں بعد پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فرار ہوا یا کرایا گیا، حقیقت جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے جبکہ کورٹ پولیس کے اہلکار کی مدعیت میں صدر تھانے میں مقدمہ بھی درج کروا لیا گیا ہے۔پولیس نے یہ بھی بتایا کہ فرار ملزم کیخلاف پنجاب میں قتل اور کراچی میں بھی مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم کے خلاف گھر پر قبضہ، خواتین کو حراساں کرنے، چوری اور منشیات فروشی کے مقدمات بھی درج ہیں۔اسی حوالے سے جیل پولیس کا مؤقف تھا کہ قیدی آغا سلمان کو علاج کے لیے کورٹ پولیس کے ذریعے جناح اسپتال بھیجا گیا تھا، کورٹ پولیس کے اہلکاروں کی مبینہ غفلت سے قیدی فرار ہوا، غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔