راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے پہنچے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور احمد خان بچھر سمیت عمران خان کی 3 بہنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
باغی ٹی وی : عمران خان کی بہنیں اور پی ٹی آئی رہنما عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جارہے تھے کہ پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب پولیس ناکے پر انہیں روک لیا۔
حراست میں لیے جانے سے پہلے پی ٹی آئی رہنماؤں کی پولیس سے بحث اور تکرار ہوئی۔پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 7 ا افراد کے وارنٹ گرفتاری دکھائے، پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کزن قاسم خان کے وارنٹ گرفتاری دکھائے، پولیس نےاحمد خان بچھر،صاحبزادہ حامد رضا کے وارنٹ بھی دکھائے۔
اڈیالہ جیل جانے پر اصرار کرنے اور واپس جانے سے انکار پر پولیس نے عمرایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور احمد خان بچھر سمیت عمران خان کی 3 بہنوں علیمہ خان، نورین خانم اور عظمیٰ خانم کو حراست میں لے لیا اور انہیں قیدیوں کی وین میں ڈال دیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے آج ان کے گھر والوں کی ملاقات کا دن نہیں تھا اس کے باوجود ان کی بہنیں ملاقات کے لیے پہنچی تھیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کے حراست میں لیے جانے سے قبل علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ عمران خان کو آئیسولیٹ کرنے کے لیے ہو رہا ہے،ان کے بچوں،فیملی اور ڈاکٹروں سے ملاقات بند کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل قوانین کے مطابق حق ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے ملاقات کریں، پچھلی ملاقات میں سلمان صفدر اور بیرسٹر گوہر کو اندر جانےدیا ظہیر عباس چوہدری کو روک لیا گیا بانی پی ٹی آئی کے سارے حقوق لے لیے گئے ہیں،جنہوں نے بانی سے ملاقات کرنی ہے ان کو یہ بند کر رہے ہیں ہم کوئی غیر آئینی چیز نہیں کر رہے ہم یہاں پر پرامن بیٹھے ہیں یہ غیر آئینی کام کر رہے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ یہ ہمیں جیل میں لے جائیں تو ٹھیک ہے اگر ہمیں کہیں چھوڑیں گے تو ہم واپس آ جائیں گے، جب تک بھائی سے ملاقات نہیں کراتے ہم نے اڈیالہ جیل کے باہر ہی رہنا ہے یا اڈیالہ جیل کے اندر جائیں گے یا باہر بیٹھیں گے انہوں نے اگر ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑا تو پھر ہم واپس آئیں گے ورنہ پھر یہ جیل لے جائیں۔