چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئین نہ صرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ہے،ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے-

یوم آزادی پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ پوری قانونی برادری اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کے وژن، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کی پختہ یاد دہانی ہے،ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے-

انہوں نے کہا کہ آئین یقینی بناتا ہے کہ انصاف ہمارے معاشرے کی بنیاد رہے، کمزوروں کےحقوق کے تحفظ اور اس بات کویقینی بنانے میں ثابت قدم رہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ایسا معاشرہ پروان چڑھانا چاہیے جہاں تنازعات منصفانہ طریقے سے حل ہوں اور ہرشہری اپنی زندگی میں انصاف کی موجودگی محسوس کرے۔

دریں،اثنا یوم آزادی کے موقع پر سپریم کورٹ سمیت تمام ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پرچم کشائی کی، مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان تھے،اسلام آباد ہائیکورٹ میں جشن آزادی کی تقریب میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرچم کشائی کی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر ججز نے پرچم کشائی کے بعد پودے لگائے۔

لاہور ہائیکورٹ میں یومِ آزادی کی تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ لاہور کی عمارت پر پرچم لہرایا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس سید شہباز علی رضوی بھی ہمراہ تھے۔

اس کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پرچم کشائی کی، تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے ججز، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ، وکلا و دیگر نے شرکت کی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارے اصل اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں،چیف جسٹس روزی خان نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو فوری انصاف مہیا کریں، وراثتی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں تاکہ ورثا کو انکے حقوق مل سکیں، خواتین وکلاء بشمول ججز جو اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ عدالت آتے ہیں انکے لیئے سنٹر قائم کیا گیا ہے

Shares: