اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئیر رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اب احتجاج کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پہلی دفعہ ہم نے حتمی احتجاج کا اعلان کیا ہے-

باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے اس بات سے انکار کیا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ تحریکوں میں سے کوئی تحریک ناکام ہوئی، ’البتہ آخری جو ڈی چوک کا دھرنا تھا وہ دو دن جاری رہ سکا اور اب اس احتجاج کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پہلی دفعہ ہم نے حتمی احتجاج کا اعلان کیا ہے،’جب تک نتائج حاصل نہیں ہوتے، یہ یک روزہ بھی ہوسکتا ہے، دس روزہ، سو روزہ یا لامحدود ہوسکتا ہے، کیونکہ اس دفعہ ہم تہیہ کرکے نکلیں گے کہ کسی بھی صورت میں ہم اس وقت تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے جب تک خان کی رہائی ممکن نہیں ہوتی-

شیر افضل مروت نے کہا کہ احتجاج کے مقاصد کی تعداد کا باقاعدہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے، میں تو گزشتہ دوماہ سے ایک ہی نکتے پر مہم چلا رہا ہوں کہ ہمیں فی الوقت عمران خان کی رہائی درکار ہے کوشش کریں گے کہ ہم اس احتجاج کو فی الوقت خان کی رہائی تک محدود رکھیں ، جب خان باہر آجائیں گے تو پھر جو بھی سیاسی یا ملکی مفاد کیلئے مقاصد ہوں گے وہ ہم ان کی قیادت میں ان کی ہدایات کے مطابق احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار اگر بالفرض پاکستانی لاکھوں کی تعداد میں احتجاج کیلئے نہیں نکلتے ہیں تو ہمیں کیا فرق پڑے گا؟ ہم تو ایوانوں میں بھی ہیں، خان بلاتنازعہ لیڈر بھی ہے، اس کے بعد پاکستانیوں کی تقدیر میں کیا آئے گا؟ کیا پاکستان کے بعد معیشت کیلئے کوئی روڈ میپ ہے؟ کیا زرداری اور نواز پر قوم کا اعتماد ہے؟

Shares: