ہمارے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی، تاجروں نے کیا حکومت سے بڑا مطالبہ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برانڈرتھ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز لاہور نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برانڈرتھ روڈ کے دکانداروں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔حالات بہت خطرناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔
ان خیالات کا اظہار لاہور پریس کلب میں برانڈرتھ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے یہ مطالبہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔پریس کانفرنس میں ایسوسی ایشنز کے سرپرست اعلیٰ حافظ کاشف حفیظ ،شیخ فیاض احمد،شیخ سرفراز احمد ،شیخ جنید اللہ،شیخ علی حفیظ،شیخ علی افضل اور شیخ اکرام الٰہی سمیت تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عہدیداران کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی عالمی وبائی مرض کورونا سے متاثر ہے۔اس صورتحال میں حکومت نے لاک ڈاﺅن کا جو فیصلہ کیا اس سے کاروباری اور مزدور طبقے پر بھی گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیںاور صورتحال دن بدن انتہائی مخدوش ہوتی جا رہی ہے۔کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے سے گھروں میں چولہا جلانا بھی مشکل ہو گیا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ صورتحال مزید خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔چند روز قبل حکومت نے آن لائن کاروبار کی اجازت دی جبکہ تعمیراتی انڈسٹری کو کھولنے کی بھی اجازت دی گئی۔اس سے وابسطہ متعدد دکانوں کو کھول دیا گیا۔تاہم اس صورتحال میں برانڈرتھ روڈ کے ہزاروں دوکانداروں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے
تاجر رہنماؤن کا کہنا تھا کہ حکومتی واضح احکامات کے باوجودآن لائن کاروبار بھی نہیں کرنے دیا جا رہا ۔حالانکہ برانڈرتھ روڈ مارکیٹ میں کنسٹرکشن ،زراعت،سینٹری سمیت دیگر آلات کی ہزاروں دوکانیں موجود ہیں جنہیں آن لائن کاروبار بھی نہیں کرنے دیا جا رہا۔مین برانڈرتھ روڈ کو چوک دالگراں سے کراﺅن اڈا تک بیرئیر لگا کر مکمل طور پر بند کر رکھا ہوا ہے۔ہمیں گوداموں سے اشیاء نکالنے کی بھی اجازت نہیں۔آن لائن آرڈر ملنے کے بعد گوداموں سے سامان نکال کر کارگو کرنے کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔یہ صورتحال ہم سب کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔جس سے لاکھوں افراد بے روزگاری کا شکار ہیں۔
تاجر رہنماؤن نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ برانڈرتھ روڈ کے تاجروں کیساتھ سوتیلی ماﺅں جیسا سلوک نہ کیا جائے۔ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ اگر برانڈرتھ روڈ کے دکانداروں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے تو ہم حکومت کے ایس او پیز کی مکمل پاسداری کریں گے۔خدارا ہماری حالتوں پر رحم کھایا جائے۔برانڈرتھ روڈ سے وابسطہ دکانداروں اور مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔لہذا حکومت سنجیدگی سے اس صورتحال کا جائزہ لے اور ہمیں کاروبار کی اجازت دی جائے۔