ریسکیو 1122 کی ایمانداری، حادثے میں جاں بحق شخص کی اشیاء بحفاظت ورثاء کے حوالے
اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ریسکیو 1122 نے ایک بار پھر اپنی ایمانداری اور خدمت خلق کا لوہا منوایا ہے۔ ایک حالیہ روڈ ٹریفک حادثے میں ریسکیو سٹاف نے نہ صرف زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کی بلکہ متوفی کے قیمتی سامان کو بھی بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کیا۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم بہاولپور کو ایک روڈ ٹریفک حادثے کی اطلاع ملی۔ جس پر احمد پور شرقیہ سے فوری طور پر ایک ایمبولینس حادثہ کی جگہ پر روانہ کی گئی۔ ایمبولینس سٹاف میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن محمد طاہر اور ڈرائیور احسان الحق شامل تھے۔
جب سٹاف موقع پر پہنچا تو معلوم ہوا کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے ایک پیدل چلنے والے شخص کو ٹکر مار دی ہے۔ حادثے میں ایک شخص جاوید حسن ولد خواجہ زاہد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرے زخمی کو فوری طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ ریسکیو سٹاف نے متوفی کے پاس سے ملنے والی نقد رقم 12560 روپے اور دیگر اشیاء کو بھی محفوظ کر لیا اور بعد ازاں متوفی کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔ متوفی کے ورثاء نے ریسکیو 1122 سٹاف کی ایمانداری اور خدمت خلق کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ واقعہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی محنت اور لگن کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے نہ صرف اپنی پروفیشنل ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا بلکہ انسانی ہمدردی کا بھی مظاہرہ کیا۔