ہانگ کانگ کے شمالی علاقے میں واقع کثیرالمنزلہ رہائشی عمارتوں میں لگنے والی خوفناک آگ دوسرے روز بھی مکمل طور پر بجھائی نہ جا سکی۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 83 ہو گئی ہے جبکہ 72 افراد زخمی ہیں، اور 300 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ آگ ایک بڑے رہائشی کمپلیکس میں لگی جسے فائر ڈیپارٹمنٹ نے چوتھے درجے کی آتشزدگی قرار دیا۔ شعلوں پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں کئی گھنٹوں سے مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ سے متاثرہ سات بلاکس میں زیادہ تر آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم متعدد افراد اب بھی عمارتوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ امدادی کارکنوں نے اب تک 700 سے زائد افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔واقعے میں ایک فائر فائٹر بھی جاں بحق ہوا ہے، جبکہ آگ لگانے کے شبے میں کنسٹرکشن کمپنی کے دو ڈائریکٹرز اور ایک انجینئرنگ کنسلٹنٹ کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس اور ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، اور عمارتوں کے تمام حصوں کی مرحلہ وار تلاشی لی جا رہی ہے








