چین کے مشرقی صوبے شین ڈونگ کے شہر گاومی میں منگل کے روز ایک کیمیکل پلانٹ میں زوردار دھماکہ ہوا-

سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کیمطابق چین کے مشرقی صوبے شین ڈونگ کے شہر گاؤمی میں منگل کے روز ایک کیمیکل پلانٹ میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں آسمان کی طرف دھوئیں کا سرمئی اور نارنجی رنگ کا بادل اٹھا، اور قریبی عمارتوں کی کھڑ کیاں ٹوٹ گئیں یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر سے کچھ دیر قبل شین ڈونگ یوڈاؤ کیمیکل کے ورکشاپ میں ہوا، ریسکیو اور طبی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد دھواں بلند ہو رہا ہے اور اطراف کی صنعتی عمارتیں اس میں چھپ گئی ہیں، قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، فائر بریگیڈ اور ریسکیو سروسز کے232 اہلکار اور 55 گاڑیاں جائےحادثہ پر روانہ کی گئیں، جب کہ ایمرجنسی مینجمنٹ کی وزارت نے بھی ایک ورکنگ گروپ اور اضافی امدادی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔

شین ڈونگ یوڈاؤ کیمیکل، ہائمیل گروپ کی ملکیت ہے، جو کہ ایک معروف صنعتی کمپنی ہے۔ دھماکے کی خبر کے بعد ہائمیل مکینیکل کے حصص میں تقریباً 4 فیصد کمی دیکھی گئی، کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ ادارہ 2019 میں قائم ہوا، اور 46 ہیکٹر پر پھیلا ہوا ہے، جہاں 300 سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔ یہ ادارہ زرعی ادویات، فارماسیوٹیکلز اور کیمیکل انٹرمیڈیٹس تیار کرتا ہے۔

Shares: