ٹھٹھہ:سول ہسپتال مکلی میں غریب نظرانداز،5 مہینوں سے آپریشن کی تاریخ نہ مل سکی،مریض کی حالت تشویش ناک

ناریجا گاؤں کے رہائشی عطا محمد جانوری نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ/مکلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سول ہسپتال مکلی کی انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑا

ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار بلاول سموں)ناریجا گاؤں کے رہائشی عطا محمد جانوری نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ/مکلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سول ہسپتال مکلی کی انتظامیہ کے خلاف شکایات کا اظہار کیا۔ عطا محمد کا کہنا تھا کہ ان کے والد نذر محمد جانوری بیمار ہیں اور وہ گزشتہ پانچ مہینوں سے ہسپتال میں ان کے علاج کے لیے دربدر ہو رہے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی جانب سے مسلسل آپریشن کی تاریخیں ملتوی کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے والد کے علاج کے لیے فوری آپریشن کی تجویز دی ہے، مگر ہسپتال کی انتظامیہ ہر ہفتے نئی تاریخ دے کر انہیں ٹال رہی ہے۔ عطا محمد کے مطابق تمام ٹیسٹ مکمل ہونے کے باوجود آپریشن میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے، جس کے باعث ان کے والد کی حالت دن بدن خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دی گئی آپریشن کی تاریخ کو بھی بغیر کسی وجہ کے اگلی منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔

عطا محمد نے ہسپتال میں بدانتظامی اور سفارش کے کلچر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں غریبوں کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی اور مریضوں کو سفارش کے بغیر علاج کے لیے ترسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے والد کے علاج میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ عطا محمد نے متنبہ کیا کہ اگر ان کے والد کی حالت بگڑتی ہے تو وہ قانونی کارروائی کے لیے مجبور ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ سفارش کے بجائے مریضوں کو ان کے حق کے مطابق علاج فراہم کریں تاکہ غریب عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.