پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں واقع بھور بن کے قریب ایک معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں پولیس نے گزشتہ رات مبینہ طور پر ایک بڑی ڈانس پارٹی پر چھاپہ مار کر 32 لڑکیوں اور 52 لڑکوں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران شراب کی سینکڑوں بوتلیں، ٹیبلٹوں کے پیکٹ، بلند آواز میوزک سسٹم اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی ہوٹل کے بینکویٹ ہال میں جاری تھی جہاں شریک افراد مبینہ طور پر نیم برہنہ حالت میں رقص اور شراب نوشی کررہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، داخلی و خارجی راستے بند کیے اور تمام افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعض شرکاء کی جانب سے اثر و رسوخ استعمال کرنے اور اعلیٰ شخصیات کے فون آنے کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم پولیس نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کارروائی بلا امتیاز کی گئی ہے۔پولیس نے ہوٹل مینیجمنٹ کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ زیرِ حراست لڑکوں اور لڑکیوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ اچانک چھاپے اور گرفتاریوں سے مری میں ہوٹل انڈسٹری اور سیاحتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔حکام کے مطابق غیر قانونی پارٹیوں اور نوجوانوں کو مخربِ اخلاق سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ نشہ آور مواد کی فروخت اور استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔








