سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے ) پولیس کی بڑی کارروائی ، کمسن گھریلو ملازمہ کے تشدد اور قتل میں ملوث ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سرگودھا محمد فیصل کامران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان جواد بھٹی ولد غلام شبیر بھٹی نے عرصہ دو ماہ قبل ایک کمسن بچی عائشہ بی بی بعمر 12/13 سال کو گھر کے کام کاج کیلئے ملازمہ رکھا،ملزمان نہ صرف کمسن بچی سے گھریلو کام کاج کرواتے تھے بلکہ اس پر تشدد بھی کرتے تھے ۔
ملازمت کے شروع میں کمسن عائشہ کی اپنے والدین سے ملاقات ہوتی رہی لیکن بعد میں ملزمان نے عائشہ کے والدین سے ملاقات بند کر دی اور اس پر تشدد کرتے رہے، تشدد کی وجہ سے عائشہ کے جسم پر زخموں کے نشانات بن گئے ، جن کا علاج نہ کروایا گیا ، اور بدستور تشدد کرتے رہے ، کمسن عائشہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی، ملزمان ڈیڈ باڈی کو گھر میں چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
کمسن مقتولہ کے والدین نے یکم مارچ 2024ء کو پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام شواہد کو اکٹھا کیا ، ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کیا اور مقتولہ کے والد محمد طاہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی ۔
معاملہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس بیہمانہ قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی اور اے ایس پی کوٹمومن کی زیرنگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔
خصوصی ٹیموں نے مختلف اضلاع بشمول لاہور، ملتان، فیصل آباد، حافظ آباد اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں ریڈ کئے ۔ خصوصی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو لاہور اور حافظ آباد سے گرفتار کیا ۔
ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے ۔ آئندہ مقدمہ کی پیروی کر کے اس سفاک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی .