پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ مہنگائی سے پریشان حال عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرایا گیا ہے، حکمران شہریوں کو ریلیف نہیں دے سکتے تو گھرجائیں، ہر 15 دنوں بعد پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافے سے مہنگائی بڑھ چکی،بجلی ،سوئی گیس کے بلوں نے شہریوں کا زندگی اجیرن کر دی ہے،حکمران اپنی مراعات کم کریں اور عوام کو ریلیف دینے کےاقدامات کریں.
تابش قیوم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے،یہ اضافہ عوامی مسائل میں براہِ راست اضافہ ہے اور اس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوگی، جب عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں تو پاکستان میں مسلسل اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے.پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایے اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا، جس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا،حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے








