مرکزی مسلم لیگ ملک میں اتحاد و اتفاق کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، حافظ طلحہ سعید
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہیں،حکمران بلوچستان کے مسئلہ پر سنجیدگی دکھائیں ، بڑھتی دہشت گردی کے خاتمے، قیام امن کے لئے سیاسی جماعتیں یکجہتی کا مظاہرہ کریں، مرکزی مسلم لیگ کا مقصد ملک میں اتحاد و اتفاق کی سیاست کو فروغ دینا ہے۔ہم ہر سطح پر کارڈیلرز فیڈریشن اور کار مارکیٹ کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ عوام کی فلاح و بہبودکے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد کارمارکیٹ کے صدر و ملی کار ڈیلرز فیڈریشن لاہور کے سرپرست اعلیٰ محمد آصف بٹ کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنرکے موقع پر کیا۔افطار ڈنر سے پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفی، لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان، محمد آصف بٹ ، لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر چوہدری ابرار،ملی ٹرانسپورٹرز اینڈ ڈرائیور فیڈریشن کے صدر ابودردا سلیم خلجی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ برکتوں ،رحمتوں والا مہینہ اختتام کو ہے ،ہمیں رب تعالیٰ سے گناہوں کی معافی کی دعائیں کرنی چاہئے، رمضان مسلمانوں کی زندگیوں میں انقلاب لے کر آتا ہے، عید کی تیاریوں میں غزہ کے باسیوں کو بھی یاد رکھا جائے جن کا رمضان بھی اسرائیلی حملوں میں گزرا.
حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ ملک میں بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم ہر سطح پر کارڈیلرز فیڈریشن اور کار مارکیٹ کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ ہم سب کو مل کر ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔