یوم پاکستان حب وطن کا جذبہ یاد کرانے کا دن،آئیں ایک ہوجائیں
نواز شریف کی قیادت میں ملک وقوم کیلئے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا
بلوچستان کے نام پر سی پیک کے خلاف سازش جاری،کیوں؟ملکر سوچیں
تجزیہ،شہزاد قریشی
23 مارچ بحیثیت قو م ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں،یہ دن تاریخ یاد کرنے کی آواز لگاتا ہے،دشمن کے سامنے سر اٹھا کر بات کرنے کا جذبہ عطا کرتا ہے ،ارض وطن میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کو عبرت کا نشان بنانے کا سبق دیتا ہے، ملکی مفادات کے لئے ذاتی مفادات قربان کرنے کا اشارہ کرتا ہے، غیرت و حمیت کا فلسفہ سکھاتا ہے، اسلام کے بنیادی اصول کے مطابق زندگی گزارنے کی صدائیں لگاتا ہے، الفاظ کی شطرنج بچھانے کی بجائے عمل کی تاکید کرتا ہے، جس طرح مسلمانوں کو ایک الگ ریاست کی ضرورت تھی، آج وطن عزیز کو اُسی جذبے کی ضرورت ہے جو اس وقت کے مسلمانوں میں موجود تھا، آئیے! وطن عزیز کی ترقی ،عوام کی خوشحالی میں اپنا کردار اد کریں،یہ وطن ایسے ہی حاصل نہیں ملا،تاریخ اسے کبھی بھلا نہیں پائے گی،وطن عزیز کے حالات کا نقشہ بدلنے کی ضرورت ہے، بھارت روز اول سے ہمارا دشمن ہے اور افغانستان کے راستے بلوچستان میں سرگرم ہے، ہمارے سیاستدان مصلحتوں سے نکل کر قومی سلامتی اور یکجہتی کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں ،اقتدار کی دوڑ میں شامل سیاسی رہنمائوں کی جانب سے قومی یکجہتی اور ملکی وحدت کا خیال نہ رکھنا افسوسناک ہے، یاد رکھیئے اس خطے کے سب سے بڑے منصوبے پاکستان چین اکنامک کوریڈور کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے ، بلوچستان کی ترقی کا یہ منصوبہ نہ صرف بلوچ بہن بھائیوں کے لئے خوشحالی کے دروازے کھولے گا بلکہ وطن عزیز کا معاشی مستقبل بھی اس اہم ترین منصوبے سے جڑا ہے،

سی پیک پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے،کچھ شرپسند عناصر دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، شرپسند عناصر کو پاک فوج اورجملہ اداروں نے زمین بوس کیا اور کررہے ہیں ،ملکی سلامتی کے اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے،سیاسی و مذہبی جماعتوں بلوچ سرداروں اور دیگر کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، سیاست دانوں کو یاد رکھنا ہوگا بلوچستان اور کے پی کے حالات تقاضا کرتے ہیں اگر عوام میں زندہ رہنا ہے تو سیاسی اورمذہبی جماعتیں دل بڑا کریں اپنے مفادات کو قربان کریں، نواز شریف جیسے زیرک اور بڑے سیاسی لیڈر کی قیادت میں متحد ہو کر امن کے لئے وطن عزیزکے مفاد میں اکٹھے ہوں اور اپنا کردار ادا کریں۔

Shares: