ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں؟ گورنر سندھ نے بتا دیا

ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں؟ گورنر سندھ نے بتا دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پچیس دسمبر کا روز دن ہمارے لئے انتہائی اہم ہے، بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے رہنماء اصولوں تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہے اور یہی وہ اصول ہیں کہ جن کے ذریعے ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں وہی قومیں سربلند رہی ہیں، جو اپنے اسلاف کے کارناموں کو رہنماء رکھتے ہوئے منزل کی طرف گامزن رہیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا جو پیغام لوگوں کی سمجھ نہیں آتا تھا، وہ آج ہر اُس مسلمان کو سمجھ آرہا ہوگا، جس نے پاکستان کی مخالفت کی اور ہندوستان کو اپنا وطن مان کے وہاں پر رہنا پسند کیا۔ دو قومی نظریہ آج پورے برصغیر کے مسلمانوں کی سمجھ میں اچھی طرح آگیا ہے، یہ ایک عظیم قائد کا وژن تھا، جس نے پہلے ہی سے پیشن گوئی کی تھی کہ تمام زندگی وہ مسلمان جو پاکستان کا ساتھ نہیں دے رہے ہیں، وہ اپنی بقیہ تمام زندگی ہندوستانی ثابت کرنے میں گزاریں گے۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جو ظلم و بربریت ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے، وہ حرف بہ حرف وہ چیز ہے، جو قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا تھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہے کہ ہم سب اپنے پیارے وطن میں آزادی سے سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ہمیشہ باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو عوام کے درمیان فروغ دینے پر زور دیا، آپ اس بات پر یقین رکھتے تھے، آیئے آج ہم یہ عہد کریں کہ اسلام کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر قوم کا وقار بلند کرنے کیلئے کسی بھی مرحلے پر قربانی سے گریز نہیں کریں گے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق آگے بڑھیں گے، اسی میں ہماری اور ہمارے ملک کی ترقی ہے۔

Comments are closed.