ہمیں خیبرپختونخوا میں حکومت ملی تو جانوروں اور درختوں کیلئے بھی قانون سازی کی۔ مولانا فضل الرحمن

0
108
molana

منصب اور حلف کا تقاضا ہے کہ حکمران عوام کی خدمت کریں، سیاستدان الیکشن کے بعد عوامی مسائل حل کرنے کا وعدہ بھول جاتے ہیں، ہمیں خیبرپختونخوا میں حکومت ملی تو جانوروں اور درختوں کیلئے بھی قانون سازی کی۔ شکار پور اور کندھ کوٹ میں جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا حلف کے اعتبار سے حکمرانوں کا فرض بنتا ہے کہ ملک کی خدمت کریں، الیکشن ایسا ماحول ہوتا ہے جہاں ذمہ داری عوام کی طرف آجاتی ہے، عوام اپنی ذمہ داری سیاستدانوں کو منتقل کرتے ہیں، آٹھ فروری تک آنے والے دن عوام کی ذمہ داریوں کے دن ہیں۔سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ چاہے عوام ہو یا سیاست دان کوئی بھی ابھی تک ذمہ داری نہیں نبھا رہا، پاکستان تنزلی کی انتہا پر ہے، کہیں تو خرابی ہے، ہمارے ملک میں ڈاکو طاقتور اور پولیس کمزور ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر انسانیت پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت احتساب کریں گے، معیشت کی بہتری کے نعرے ضرور لگائے گئے لیکن ہم پیچھے گئے ہیں، ہم کب تک غلط فیصلے کرتے رہیں گے، غلط فیصلے کبھی بہتر نتائج نہیں دے سکتے۔مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں تلخی آئی۔
جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو شخص کہتا تھا پاکستان کو دبئی بنا دوں گا اس نے ملک کو کنگال کر دیا۔ اگر یہ فتنہ دوبارہ ہم پر مسلط ہوا تو کل بھی اس کے مقابلے میں ہم ہوں گے، ووٹ چوری اور دھاندلی کرکے سابقہ حکومت کو لایا گیا تھا، ملک کی معیشت جیسی پانچ سال میں زمین پر آئی ایسی کبھی نہیں ہوئی۔فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ملک کو انسانی حقوق کی حفاظت کی ضرورت ہے، معیشت تباہ کرنے والے نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کیا، اسرائیل ، امریکا اور بھارت سے پیسے لے کر نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا، اس نے ہمارے ملک کے نوجوانوں کو تباہ و برباد کر دیا۔

Leave a reply