ہم مسلم لیگ ن کو حکومت بنانے کےلیے ووٹ دیں گے،فاروق ستار

pmln mqm

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزارتیں لینے یا نہ لینے کی بات ابھی حتمی بات نہیں ہوئی ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ابھی ہم تھوڑا رکیں اور سوچیں گے، کسی کا بوجھ اٹھانے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی وزارتیں لینے یا نہ لینے کی بات حتمی نہیں، ہمیں لگتا ہے کہ ہمیں ابھی تھوڑا رک جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو آپس میں باتیں طے کرنے کا موقع دیں گے، جن کے پاس حکومت سازی کےلیے نمبر پورے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران مسلم لیگ ن کے ساتھ ایک تعلق قائم ہوا، مسلم لیگ ن نے مردم شماری میں ایک ذمے دار کردار ادا کیا۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن کو حکومت بنانے کےلیے ووٹ دیں گے اور قانون سازی میں بھی تعاون فراہم کریں گے۔فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت وزارتیں اور دیگر عہدے ہمارے لیے اہمیت نہیں رکھتے، عوام کی دہلیز تک اختیارات کی منتقلی چاہتے ہیں۔فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے بغیر حکومت بنا اور چلا سکتے ہیں تو ضرور چلائیں، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اتفاق اسی پر تھا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں۔
دوسری جانب رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ ان کا گورنر سندھ برقرار رہے مگر یہ چیز ابھی فائنل نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مانگنے اور دینے میں فرق ہوتا ہے، گورنر سندھ کےلیے یکطرفہ فیصلہ نہیں ہوگا، مشاورت کریں گے۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں نے تحریک انصاف کو 16 ماہ ڈیل کیا ہے جبکہ جے یو آئی کے ساتھ ن لیگ کی سیاسی پارٹنرشپ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ نواز شریف کا احترام کیا ہے، یقین ہے مولانا، پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں پر نہیں ہوں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ آج مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف کے ساتھ ون آن ون بھی ملاقات ہوئی۔

Comments are closed.